Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خادم حرمین شریفین نے السدیس سے آب زمزم کے ذائقہ میں تبدیلی کا سبب دریافت کرلیا

 مکہ مکرمہ.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا کے معروف ، مقبول اور مبارک ترین پانی زمزم کے ذائقے میں تبدیلی کا احساس کرکے مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سے تبدیلی کا سبب دریافت کرلیا۔ انہوں نے السدیس کو ٹیلیفون کرکے دریافت کیا ”کیا آپ لوگ آب زمزم میں کوئی اور چیز شامل کررہے ہو؟ اسکا ذائقہ بدلا بدلا لگ رہا ہے، آب زمزم کی حفاظت کی جائے“ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مکہ مکرمہ میں سالانہ ابلاغی ملاقات کے موقع پر اعلان کیاکہ آب زمزم سبیل کے حوالے سے نیا منصوبہ نافذ کیا جائیگا ۔ مستقبل میں آب زمزم ہر ایک کی دسترس میں ہوگا۔ علامتی قیمت پر مہیا ہوگا۔ بلیک مارکیٹ اور ملاوٹی زمزم کے خاتمے کیلئے نیا انتظام کیا جائیگا۔ آب زمز م کے کین مختلف سائز اور حجم کے ہونگے۔ ڈاکٹر السدیس نے شاہی استفسار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شاہ سلمان حرم شریف ، آب زمزم اور زائرین سے متعلق ایک، ایک بات کا نوٹس لیتے ہیں اور اس پر نظر رکھتے ہیں۔باخبر ذرائع کے مطابق پاک و ہند کے بھی سیکڑوں لوگوں نے اس بات پر شبہ ظاہر کیا تھا کہ حالیہ ایام میں آب زمزم کا ذائقہ بدلا بدلا سا لگ رہا ہے۔ تاہم مبارک پانی سے غیر معمولی عقیدت اور محبت کے پیش نظر اس بات کے اظہار میںپاکبان اور ہندوستانی احتیاط سے کام لے رہے تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ شاہ سلمان بھی آب زمزم پابندی سے پیتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے تارکین وطن کے احساس کی اطلاع عملی طریقے سے خادم حرمین شریفین تک پہنچا دی۔ السدیس نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مطاف کے صحنوں کے سائبان کا منصوبہ جلدمنظر عام پر آجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مطاف کے صحن میں اس وقت گنجائش بڑھ گئی ہے فی گھنٹہ ایک لاکھ70ہزار افراد بیک وقت طواف کررہے ہیں۔ السدیس نے یہ بھی بتایا کہ آئمہ حرمین اور سربرآوردہ علماءبورڈ کے تعاون سے حرمین شریفین میں 100سے زیادہ علمی اسباق دیئے گئے۔
 

شیئر: