Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈر گیا تھا، امام الحق نے حوصلہ دیا، سرفرازاحمد

ڈبلن:پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا ہے کہ دوسری اننگز کے دوران 14رنز پر جب ہماری تیسری وکٹ گری تو میں خوفزدہ ہو گیا تھا لیکن امام الحق اور بابر اعظم کی بیٹنگ نے میرا حوصلہ بحال کردیا اور ان نوجوان کھلاڑیوں نے ہی ہمیں کامیابی سے ہمکنار کر دیا ۔آئر لینڈ کے خلاف ٹیم کی فتح کے حوالے سے گزشتہ روز اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 160رنز کا ہدف غیر معمولی نہیں تھا لیکن چوتھی اننگز کا دباو حسب معمول ہمارے لئے مصیبت بن گیا۔ جب صرف14 رنز پر3 وکٹیں گر گئیں تو ہماری تشویش کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا تھا۔ یہ بات بھی میرے ذہن میں تھی کہ ماضی میں بھی کئی مرتبہ ہم معمولی اہداف کے حصول میں ناکام ہو چکے ہیں اور آج بھی کہیں ایسا ہی نہ ہو جائے لیکن انتہائی مشکل صورتحال میںنوجوان بیٹسمینوں امام الحق اور بابر اعظم نے ا عتماد کا مظاہرہ کیا اور عمدہ بیٹنگ کی۔ امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی یہ کارکردگی برقرار رکھیں گے۔ کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے میچ کے دوران کچھ اہم کیچ ڈراپ کئے جس نے ہماری مشکلات بڑھا دیں جبکہ امپائرز کے بعض فیصلے بھی ہمارے خلاف گئے تاہم یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اظہر علی اور اسد شفیق ہمارے اہم ترین بیٹسمین ہیں، امید ہے کہ انگلینڈ کیخلاف وہ اچھا کھیل پیش کریں گے۔ سرفراز احمد نے ڈبلن ٹیسٹ میں فہیم اشرف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں بولنگ آل راونڈر کی ضرورت تھی فہیم نے بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔بطور کپتان اس فتح سے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گیا اور ہم انگلینڈ کیخلاف شاندار کھیل پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یہ سیریز آسان نہیں ہوگی لیکن ہم کوشش کریں گے کہ توقعات پرپور ا اتریں۔ سرفراز احمد نے آئرش ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا دوسری اننگز میں اس نے بڑا اسکورکرتے ہوئے ہماری مشکلات میں اضافہ کیا جبکہ کیون اوبرائن اور اسٹورٹ تھامسن کی شراکت نے بھی ہم پر دباومیں اضافہ کر دیا تھا۔

شیئر: