پاکستان اور آئر لینڈ کا تاریخی ٹیسٹ
ڈبلن:پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ مالا ہائیڈ گراونڈ ڈبلن میں شروع ہو رہا ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا اور تاریخی ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کے نتیجے میں وہ ٹیسٹ کھیلنے والی 11 ویں ٹیم بن جائے گی۔ میچ سے قبل میزبان ٹیم کو دھچکا لگا ہے اور وہ نوجوان فاسٹ بولر ناتھن اسمتھ سے محروم ہو گئی جو گزشتہ روز انجری کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہو گئے ۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اس تاریخی میچ میں شرکت ہمارے لئے اعزاز ہے۔ آئرلینڈ کو آسان اور کمزور حریف نہیں سمجھتے اور اس کے خلاف پوری قوت سے میدان میں اتریں گے ۔ دوسری جانب میزبان کپتان ولیم پورٹر فیلڈنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کامیابی کی ہر ممکن کوشش کرے گی اور تمام کھلاڑی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے آئرلینڈ کے خلاف 5 بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا امکان ہے اور بیٹنگ لائن میں نوجوان اوپنر امام الحق کو آزمائے جانے کی اطلاعات ہیں،انہیں ٹیسٹ کیپ مل سکتی ہے ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق نے دونوں فرسٹ کلاس میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کرکے خود کو ٹیسٹ کیپ کا مضبوط امیدوار بنا لیا ہے۔میچ بارش سے متاثر ہونے کا واضح خطرہ ہے اور اسی صورتحال کے باعث پاکستانی ٹیم کو پریکٹس کے پہلے دن گراونڈ جانے کا موقع ہی نہیں ملا اور وہ ہوٹل میں مقیم رہی جبکہ میزبان کھلاڑی بھی بارش کی جانب سے موقع نہ دیئے جانے پر وقفے وقفے سے پریکٹس پر مجبور رہے۔محکمہ موسمیات نے ابتدائی دو دن مسلسل ابر آلود موسم اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔