مملکت اور ہند تیل منڈی کے استحکام میں تعاون پر متفق
ریاض۔۔۔۔سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے ہندوستانی وزیر پٹرولیم دھرمیندراپردھان کے ساتھ تیل منڈی کی موجودہ صورتحال پر دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیا ل کیا۔ الفالح نے ہندوستانی وزیر کو اوپیک اور اس سے باہر تیل پیدا کرنیوالے بڑے ممالک کے وزرائے پٹرولیم کے ساتھ ہونیوالے مشاورت کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے روسی اور اماراتی وزیر توانائی کے ساتھ ہونیوالی گفتگو سے مطلع کیا۔ ہندوستانی وزیر نے تیل کے بڑھتے ہوئے نرخوں پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگے نرخوں سے ہندوستانی معیشت اور صارفین متاثر ہورہے ہیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تیل کے نرخ متوازن اور مستحکم ہوں۔الفالح نے اطمینان دلایا کہ بین الاقوامی اقتصاد کا استحکام سعودی عرب کا بنیادی ہدف ہے۔