مملکت کے اندر اور باہر سے لاکھوں زائرین مدینہ منورہ پہنچ گئے
مدینہ منورہ - - - - - سعودی عرب کے اندر اور باہر سے لاکھوں زائرین مسجد نبوی شریف کی زیارت اور رمضان المبارک 1439ھ کے چند ایام گزارنے کے لئے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ روحانی ماحول میں عبادت میں مصروف ہیں۔ نبی کریم اور صاحبین رضی اللہ عنھما کی خدمت میں صلاۃوسلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ مدینہ منورہ کے ان تاریخی مقامات کی زیارت سے بھی فیض اٹھا رہے ہیں جہاں اسلامی تاریخ کے پہلے دور کے ناقابل فراموش واقعات پیش آئے تھے۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالدالفیصل ، زائرین کے آرام و راحت اور سکون و اطمینان کے لئے مطلوب انتظامات کی نگرانی بذات خود کر رہے ہیں۔ خاص طور پر مسجد نبوی شریف آمدورفت کے نظام کو موثر بنائے ہوئے ہیں۔ امن و امان، صحت و عافیت او رکھانے پینے کا معقول بندوبست کرائے ہوئے ہیں۔ مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ صفائی ستھرائی ، اصلاح و مرمت ، آب زم زم کی فراہمی ، قالین ، کار پارکنگ اور راہداریوں کو منظم کرنے نیز دروازؤں پر محافظوںکی تقرری سمیت تمام تدابیر کئے ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ میونسپلٹی زائرین کے حوالے سے ریستورانوں اور ہوٹلوں کے انتظامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ پولیس نے تاریخی مقامات آنے جانے والے زائرین کو امن و امان کے ساتھ سفر کرنے کیلئے گشتی فورس کا بندوبست کیا ہوا ہے۔ محکمہ ٹریفک کے اہلکار بھی 24گھنٹے ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ زیادہ تر زائرین اپنا قیمتی وقت مسجد نبوی شریف میں گزار رہے ہیں۔ تراویح اور قیام لیل میں حصہ لینا ان کا خواب تھا ، رمضان المبارک کے دوران اس کی تکمیل پر انتہا درجے خوشی اور سکون محسوس کررہے ہیں۔ برصغیر سے آنے والے زائرین کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں وہ نعمت بخش دی جس کا ہم خود کو حقدار بھی نہیں سمجھتے تھے۔ یہ رب کا کرم ہے جو اس نے ہمیں ماہ قرآن کے دوران ارض القرآن و سنتہ کے عظیم الشان مرکز مدینہ منورہ کی مسجد نبوی شریف میں روزہ افطار کرنے ، پانچوں وقت کی نمازیں ادا کرنے ، تراویح اور قیام الیل میں شرکت کرنے کی سعادت بخش دی۔