پاکستان میں تیزی سے مقبول ہوتے ترکش حجاب
ترکش حجاب اسٹائل دنیا بھر میں اپنی انفرادیت کے باعث پسند کیے جاتے ہیں اور پچھلے چند سالوں سے پاکستان میں بھی بے حد مقبول ہو رہے ہیں ۔ حجاب کے یہ خوبصورت اور منفرد طریقے اپنے اندر ایک دلکش انداز سموئے ہوئے ہیں ۔ اگر آپ بھی ترکی کے منفرد اور مقبول انداز میں حجاب لینا چاہتی ہیں تو سب سے پہلے سر پر حجاب کیپ پہن لیں تاکہ سارے بال ڈھک جائیں اور ریشمی ، کاٹن یا پشمینہ حجاب سر پر اچھی طرح سیٹ ہوسکے ۔ اب اسکارف کو سامنے سے موڑ کر برابر کرلیں ۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ سر پررکھتےہوئے حجاب کے دونوں سرے بالکل برابر ہوں ۔ سر پر اسکارف کی پوزیشن سیٹ رکھنے کے لئے دونوں جانب حجاب پن استعمال کریں ۔ ایک جانب پن لگانے کے بعد دوسری جانب بھی پن کی مدد سے حجاب سیٹ کرلیں ۔ اب حجاب کا ایک سرا گردن پر لپیٹ کر کندھے پر ڈالیں اور پھر دوسرا سرا بھی گردن سے لپیٹ کر کندھے پر ڈال لیں ۔ آسان سے خوبصورت ترکش حجاب کا چہرے کے گرد ہالہ بن جائے گا ۔