بستر پر لیٹنے کے بعد ہم سب کی خواہش ہوتی ہے کہ کچھ دیر کے لئے پر سکون نیند میسر آجائے ۔ بے سکون نیند طبیعت میں بے چینی ، بوجھل پن اور الجھن کا باعث بنتی ہے ۔ ایک نارمل شخص کو لیٹنے کے بعد پندرہ منٹ کے اندر نیند آجاتی ہے لیکن اگر آپ کو نیند میں مشکلات کا سامنا ہے تو آپ درج ذیل کارآمد نسخے اپنا کر اس مشکل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں ۔
بے خوابی کی سب سے بڑی وجہ ٹینشن اور ڈپریشن ہے ۔ اکثر یہ بات دیکھنے میں آتی ہے کہ ذہنی دباؤ کا شکار افراد کو نیند بہت کم آتی ہے ۔ لہٰذا اچھی نیند کے لیے ضروری ہے کہ ہر ممکن طریقے سے ٹینشن کو دور کرکے اپنی زندگی کو پرسکون بنانے کی کوشش کریں ۔ بلاوجہ کسی بھی بات کو لے کر پریشان مت ہوں ۔ ایک پرسکون اور مثبت ذہن رکھنے والا شخص نیند کے مسائل سے دوچار نہیں ہوتا ۔
اچھی اور پر سکون نیند کے لیے پیٹ بھر کر سونے سے گریز کریں ۔ سونے سے قبل بہت زیادہ کھانا نہ کھائیں . اس سے آپ کو بے سکونی سی رہے گی ۔ کیونکہ جسم میں کھانا ہضم ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے اور جب تک کھانا مکمل طور پر ہضم نہیں ہو جاتا وہ متحرک رہتا ہے ۔ اس لیے پر سکون نیند کے لئے ضروری ہے کہ آپ سونے سے کم از کم دو گھنٹے قبل رات کا کھانا کھا لیں ۔
ورزش بھی روزمرہ کے معمولات میں نہایت اہمیت کی حامل ہے ۔ یہ جہاں جسمانی طور پر فٹ رکھنے میں مدد دیتی ہیں وہی رات کو پرسکون نیند لینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ اگر آپ نیند کی کمی کا شکار ہیں تو ورزش کو اپنا معمول بنالیں ۔ دن میں کم از کم پندرہ سے بیس منٹ کی ورزش صحت پر نہایت مثبت اثرات مرتب کر تی ہے ۔ البتہ اس بات کا خیال رکھیں کہ رات کو سونے سے پہلے ورزش نہ کریں بلکہ صبح کے وقت ورزش کو اپنا معمول بنائیں ۔