یوں مسکرائے جان سی کلیوں میں پڑ گئی
یہ سچ ہے کہ مسکرانا صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے ۔ یہ زندہ دلی کا ثبوت ہے جو جسم اور ذہن دونوں کو آسودگی فراہم کرتا ہے ۔ مسکراہٹ اسٹریس دور کرنے کا بہترین نسخہ ہے ۔ یہ مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب کرتی ہے اور ذہنی تناو کو دور کرکے زندگی میں خوبصورتی کا احساس پیدا کرتی ہے ۔ یہ تکلیف اور درد سے نجات دلانے میں بھی مددگار ہے اور انسان کو ذہنی کرب سے نکال کر مصائب میں بھی مسکرانے کا حوصلہ دیتی ہے ۔ یہ انسانی ذہن کو طویل عرصے تک مثبت پیراۓ میں رکھتی ہے ۔ چہرے پر مسکراہٹ خوبصورتی میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہے ۔ ہنستا مسکراتا چہرہ اور مسکراتے ہونٹ اپنے اندر ایک عجیب کشش رکھتے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہنسنے کے باعث چہرے کی طرف دوران خون میں اضافہ ہو جاتا ہے جو جلد کی شادابی کا باعث بنتا ہے ۔ صرف یہی نہیں بلکہ مسکرانا اور خوش رہنا امراض قلب سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ یہ خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے اور دل اور پھیپھڑوں کے مسلز کو آرام فراہم کرتا ہے جسکے باعث الرجی اور پھیپھڑوں کے انفیکشن جیسے امراض کے امکانات کم ہو جاتے ہیں ۔