قبر مبارک کی منتقلی کی تجویز میں نے نہیں دی، الشبل
امام سعود اسلامی یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر علی بن عبد العزیز الشبل نے کہا ہے کہ برطانوی اخبارات نے میرے حوالے سے لکھا ہے کہ میں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ رسول اکرم کی قبر مبارک روضہ اطہر سے جنت البقیع منتقل کی جائے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ میں نے یہ بات کبھی نہیں کہی۔ یہ محض افترا اور جھوٹ ہے۔ نہ میرے لئے یہ بات کہنا جائز ہے اور نہ کسی اور کے لئے۔رسول اکرم کی تدفین اسی جگہ ہوئی جہاں آپ کی وفات ہوئی۔ جب صحابہ کرام ؓ کے درمیان اختلاف ہوا کہ رسول اکرم کی تدفین کہاں ہونی چاہئے تو سیدنا ابوبکر صدیق ؓ نے اس وقت فرمایا کہ میں نے نبی کریم کو فرماتے ہوئے سنا کہ نبی کی تدفین وہاں ہوتی ہے جہاں وفات ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آپ کی تدفین بھی اسی مقام پر ہوئی جہاں وفات ہوئی۔اس معاملے کو اس انداز سے پھیلانا دراصل فتنہ پردارز لوگوں کا کام ہے۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ امت میں فتنے پیدا کئے جائیں۔