قائد جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کیلئے شیلڈ
مدینہ منورہ..... جمعیت علمائے اسلام مدینہ منورہ کے زیر اہتمام مولانا فضل الرحمان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جسکی صدارت سرپرست اعلیٰ جے یو آئی سعودی عرب قاری عبداللہ نے کی جبکہ مدرس حفظ قرآن قائم مقام امیر مدینہ منورہ مولوی علم الدین چنا اور مولانا عبداللہ قمر جنرل سیکریٹری مولانا عبدالرزاق میروانی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور قاری لقمان ، مفتی اسحاق فراز، مولانا کلیم اللہ لالہ بادشاہ خان اور مولانا انس قلندرانی ، مولانا شکر اللہ خارانی، عبدالرزاق واسو، ممتاز خان، حبیب اعوان، قاری مطیع الرحمان قریشی کے علاوہ دیگر مہمانوں میں مولانا اختر علی ، مفتی زاہد شاہ ایڈیٹر رسالہ الجمعیت شامل تھے۔ تلاوت کلام کی سعادت قاری لقمان نے حاصل کی۔ بعدازاں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے حرمین شریفین کے آداب کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سیاسی حالات اور جمعیت کے دینی، ملکی، آئینی کردار پر گفتگو کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ترجمان جمعیت مدینہ منورہ ریجن ابراہیم قلندرانی نے انجام دیئے۔ مولانا فضل الرحمان کو ختم نبوت اور ناموس رسالت کے لئے پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر بہترین کردارادا کرنے پر شیلڈ اور ریاض الجنہ کا قالین اعتراف خدمت کے طور پر پیش کیا گیا۔ بعدازاں قاری عبداللہ کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ عبدالرزاق واسو نے شرکاءکیلئے خصوصی طور پر سحری کا بندوبست کیا تھا۔