Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی مذمت کرتے ہیں

اسلامی تعاون تنظیم کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، سردار محمد خٹک
ریاض (جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے ناظم الامور سردار محمد خٹک نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی فلسطین منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ مسئلہ فلسطین پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا فلسطینیوں سے اتحاد و یکانگت کا اظہار کیا جائے۔ وہ سفارتخانے کے چانسری ہال میں یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں ایک بہت بڑے اجتماع سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب کی نظامت سفارتخانے کے ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خان نے کی۔ سردار محمد خٹک نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے اس مطالبہ کے باوجود کہ جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کا حل 2 ریاستوں کے قیام میں ہے۔ ا مریکہ نے اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کردیا ہے۔ یہ اقدام بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی ناظم الامور نے عالمی ادارے اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں جو بین الاقوامی قانون کے مطابق ہیں اور جنہیں اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کیا ہے۔ قبل ازیں دیگر مقررین نے اجتماع سے خطاب کیا۔ تصدق گیلانی نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں اور یہ کہ یہودیوں کی فلسطین میں آمد ایک باقاعدہ منصوبے کے تحت تھی۔ محمد خالد رانا نے واضح کیا کہ امریکہ کی حمایت سے ہی اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ خالد اکرم رانانے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کو اپنا مضبوط کردار ادا کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر محمد آصف قریشی نے سوال کیا کہ 14 مئی کے واقعہ میں 62 فلسطینی شہید ہوئے ہزاروں زخمی ہوئے لیکن ایک بھی اسرائیلی کو خراش تک نہ آئی۔ پرُامن مظاہرے پر اتنا تشدد کیا گیا۔ ڈاکٹر آصف قریشی نے واضح کیا کہ اس مسئلے کا حل امت مسلمہ کے اتحاد میںہے۔ تقریب کا آغاز قاری نعمت اللہ کی تلاوت قرآن سے ہوا جبکہ حافظ عرفان کھٹانہ نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھی۔

شیئر: