معاشی مسائل کے ساتھ اسکواش کی ترقی ناممکن
اسلام آباد : اسکواش کے سابق عالمی چیمپیئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے معاشی مسائل حل کئے بغیر اسکواش کے کھیل میں ترقی نہیں کر سکتے اور حکومت کھلاڑیوں کے معاشی مسائل مدنظر رکھ کر انہیں ملازمتیں فراہم کرے۔جان شیر نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے بڑا مسئلہ کھلاڑیوں کی بے روزگاری ہے جب تک بے روزگاری پر قابو نہیں پائیں گے اس وقت تک یہ کھیل ترقی نہیں کرسکتے۔ کسی بھی کھیل میں حکومت اور ا سپانسر کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ کھلاڑی امن کے سفیر اور قومی اثاثہ ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی ہمارا اور حکومت کا فرض ہے ۔ 12 مرتبہ کے عالمی چیمپیئن جان شیر خان نے کہا کہ ا سپانسرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں میں آنا چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیلوں کو فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے ملک میں پہلی کبڈی سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا محمد سرور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کبڈی سپر لیگ ملک میں ہمارے ثقافتی کھیل کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔