بھائی چارگی سے سازشوں کو ناکام بنائیں گے، علامہ عطا محمد دیشانی
* * * *
ذکاء اللہ محسن - ریاض
اہلسنت والجماعت پاکستان کے صوبائی صدر اور ممتاز عالم دین علامہ عطاء محمد دیشانی نے کہا ہے کہ آج عالم اسلام ، پاکستان اور سعودی عرب کو کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہے لیکن ہمیں اتحاد ، بھائی چارے اور پیارومحبت کے ساتھ ان سازشوں کو ناکام بنانے میں اپناکردار ادا کرنا ہوگا۔سمندر پار پاکستانی نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کررہے ہیں بلکہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بھیج کر پاکستان کی معیشت کا پہیہ بھی اپنے خون پیسنے سے دھکیل رہے ہیں۔پاکستان کی سیاست میں اپنے حقوق کے حصول کیلئے شرافت کی نہیں بلکہ سلطان راہی کی فلمی ڈائیلاگ بولنے اور آفریدی طر ز بیٹنگ اختیارکرنا پڑ تا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرے کی ادائیگی کے بعد ریاض میں اپنے حلقے بٹگرام کے معززین کے ایک بڑے جرگے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دینی ، اسلامی جذبے و عقیدت او راخوت کے مضبوط رشتوں میں بندھا ہوا ہے۔ اس دھرتی سے ہمارے بہت سے احساسات ، توقعات ، مذہبی لگاؤ جڑا ہوا ہے۔ یہاں رہتے ہوئے اپنے افعال و کردار کی ایسی مثال قائم کریں کہ لوگ نام سنتے ہی آپ کو سلام پیش کریں۔
اس سے قبل قومی جرگے سے قاری عبد الوہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دور ووٹ کی پرچی سے تبدیلی لانے او رحکمرانی کرنے کا ہے ۔آج ہمیں چاہئے کی ووٹ کی طاقت سے 70 سالوں سے ہمیں پسماندہ رکھنے والوں کا احتساب کرتے ہوئے لیڈر کو آگے لانے میں آپنا کردار ادا کریں۔
حلقہ این اے 12 سے اہل سنت والجماعت کے متوقع امیدوار سلطان بلوچ نے اس امر پرزوردیا کہ آنے والے الیکشن میں اسلام،پیغمبر اسلام اور صحابہ کرامؓ کے غلاموں کو کامیاب کرواکر اپنے دینی و ملی جذبے کا ثبوت دیں۔
سید رفیق شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چندبنڈل پائپ پر اپنے ایمان خراب کرنے کے بجائے درباریت کا طوق گلے سے اتار کر خان ازم کے خاتمے کیلئے اسلامی قوتوں کا ساتھ دیں۔
قومی جرگے کی نظامت محمد شعیب دیشانی او رمولانا مفتی عبدالسلام نے انجام دی۔تقریب سے حاجی مجتبر خان، شعیب یوسف، قاری عبدالسباط، مولانا ضیاء الرحمن اور مولانا نعمان نے بھی خطاب کیا ۔