Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کے شوکاز نوٹس پرمحمد حفیظ کا جواب

 لاہور:سابق کپتان اور آل راونڈر محمد حفیظ نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے بولنگ ایکشن قانون پر تنقید کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔ محمد حفیظ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے انٹرویو کو سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا اور مخصوص حصے کو اجاگر کیا گیا۔ انٹرویو میں آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ غلط فہمی کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ میں نے انٹرویو میں تفصیل سے بات کی لیکن ساری گفتگو شائع نہیں کی گئی جس کی وجہ سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی۔یاد رہے کہ آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بنانے پر محمد حفیظ کو پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی آل راونڈر کے خلاف براہ راست کارروائی کے بجائے پی سی بی کے ذریعے ان کے خلاف اقدام شروع کرایا۔ محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں اوراس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔آل راونڈر نے سوال اٹھایا تھا کہ میری بولنگ کے دوران امپائرز کو میری کہنی کے خم میں ایک ڈگری کا اضافہ تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 25 ، 30 اور اس سے بھی زیادہ خم کے ساتھ بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہو تے۔

شیئر: