مکہ مکرمہ ..... حرم مکی شریف میں اسکاﺅٹس کی غیر معمولی خدمات زائرین اور معتمرین کےلئے کافی مفید ثابت ہو رہی ہیں۔ معتمرین اپنے بچوں کو اسکاﺅٹس کے حوالے کر کے آرام سے عمرہ ادا کررہے ہیں ۔ سبق نیوز نے ماہ رمضان المبارک کے دوران حرم مکی الشریف میں معتمرین سے ملاقاتیں کی جن کا کہنا ہے کہ اسکاﺅٹس اور رضا کا ر مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ مملکت کے دیگر شہروں سے آنے والے معتمرین جنکے ہمراہ بچے بھی ہو تے ہیں کا کہنا تھا کہ اسکاﺅٹس گمشدہ بچوں کی اس طرح حفاظت کر رہے ہیں جیسے وہ انکے ہی ہوں۔ اس ضمن میں رضا کار انجمن کے ایک ذمہ دار ڈاکٹر غانم نے کہا کہ حرم شریف میں خدمات انجام دینے والے اسکاﺅٹس رب تعالی کی رضا کےلئے یہ کام کر رہے ہیں ۔ ان کا سب سے بڑا ہدف گمشدہ بچوں کو بحفاظت انکے والدین تک پہنچانا ہے ۔ اسکاﺅٹس گمشدہ بچوں کے والدین کو تلاش کرنے میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں ۔ حرم شریف میں ازدحام کی وجہ سے اکثر بچے اپنے والدین سے بچھڑ جاتے ہیں جنہیں تلاش کرنا بہت اہم کام ہو تا ہے ۔ اسکاﺅٹس کی اہم ذمہ داری یہی ہے کہ وہ گمشدہ بچوں کو تلاش کر کے انہیں حفاظت سے انکے والدین تک پہنچائیں ۔ دریں اثناءمکہ مکرمہ آنے والے زائرین کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں اسکاﺅٹس کی سہولت کی وجہ سے انہیں کافی آسانی ہوئی وہ مکمل اطمینان سے اپنے بچوںکو اسکاﺅٹس کے حوالے کر کے تراویح ادا کرسکتے ہیں کیونکہ نماز کے دوران انہیں یہ خدشہ ہو تا ہے کہ کہیں بچہ گم نہ ہو جائے ۔ بچے کو اسکاﺅٹ کے حوالے کر کے یہ تسلی اور اطمنان ہو تا ہے کہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔