Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابراعظم کا سیریز سے باہر ہونا بڑا دھچکا ہے

 
لندن:انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے جب مڈل آرڈر بیٹسمین بابراعظم کلائی میں فریکچر کے سبب انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ فخر زمان، سعد علی یا عثمان صلاح الدین دوسرے میچ میں ان کا متبادل ہو سکتے ہیں۔ میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز میں بابر اعظم 69رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ ا نگلینڈ کے فاسٹ بولر بین اسٹوکس نے انہیں ایک باﺅنسر کرایا، بابر اعظم اس گیند کو بروقت نہ سمجھ پائے اور اس کی لائن سے ہٹنے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں گیند ان کی بائیںکلائی پر لگی اور وہ سخت تکلیف میں نظر آئے ۔ ٹیم کے فزیو نے گراونڈ میں جاکر انہیںطبی امداد فراہم کی،ان کی کلائی کا معائنہ کیا اور میجک اسپرے سے تکلیف پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن چوٹ شدید ہونے کی وجہ سے بابر اعظم بیٹنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں تھے جس پر انہیں میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ابتدا میں یہی خیا ل ظاہر کیا گیا کہ بابر اعظم ضرورت پڑنے پر بیٹنگ کے لئے آسکیں گے۔محمد عباس اور محمد عامر نے اپنی وکٹیں بچاتے ہوئے اس کی نوبت نہ آنے دی ۔ بابر اعظم کی کلائی کا ایکسرے اور اسکین ہونے سے فریکچر کا انکشاف ہوا جس کے سبب اب بابر اعظم اس سیریز میںمزید نہیں کھیل سکیں گے۔پی سی بی نے بھی تصدیق کی ہے کہ بابر اعظم کی کلائی میں فریکچر ہوا ہے جس کے سبب ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشور دیا ہے۔ عام طور پر اس قسم کا فریکچر 4سے 6ہفتے میں ٹھیک ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم اب انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے اور پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس لوٹ جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کی جگہ کوئی متبادل انگلینڈ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق سے رابطہ اور مشاور ت کے بعداس پر اتفاق ہوا۔ بابر اعظم کی جگہ فخر زمان، سعد علی یا عثمان صلاح الدین میں سے کسی کو موقع دیا جا سکتا ہے ۔

شیئر: