ملک کے نئے وزیر اعظم ،کام دار ، ایماندار اور ذمہ دار ہونگے، کپل سبل
بھونیشور۔۔۔۔کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2019ء میں ملک کا وزیر اعظم وہی ہوگا جو کام دار ، ایماندار اور ذمہ دار ہوگا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019ء میں ایسا وزیر اعظم ہو جو نہ صرف کامدار ہو بلکہ ایماندار اور ذمہ دار بھی ہو۔ کانگریس مرکزکی بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری محاذ ( این ڈی اے ) حکومت کی چوتھی سالگرہ ’’یوم غدر‘‘ کے طور پر منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4برسوں کے دوران وزیر اعظم نے جو پالیسیاں بنائیں وہ صرف امیر وں اور پیسہ والوں کے مفادات کیلئے ہیں۔کپل سبل نے مودی کے’’ اچھے دن ‘‘کے نعرے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ’’ کوئی اچھے دن ، نہ سچے دن ، مودی جی ہم آگے بڑھیں گے تیرے بِن‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیس بک ، واٹس ایپ ، پے ٹی ایم، ایمیزون اور ڈیجیٹل ورلڈ کی حکومت ہے۔