یوپی اور مہاراشٹر میں ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری
نئی دہلی۔۔۔۔ملک کی 4پارلیمانی نشستوں اور 10اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری ہے۔ 2019میں پارلیمانی انتخابات سے قبل ان ضمنی انتخابات کو سیمی فائنل تصور کیا جارہا ہے۔ اس سے عوام کے رخ کا پتہ چلے گا۔ جن4 پارلیمانی نشستوں پر آج ضمنی انتخابات ہورہے ہیں اُن میں یوپی کا شہر کیرانہ، مہاراشٹر کا بھنڈارا گوندیااورپال گھر، ناگالینڈ کی ایک نشست ہے۔مہاراشٹر کی دونوں سیٹوں پر بی جے پی اور شیو سیناانتخابی میدان میں قسمت آزمائی کررہی ہیں۔یوپی کی کیرانہ پارلیمانی سیٹ کواہم مانا جارہا ہے۔ یہاں سے بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ حکم سنگھ کی بیٹی مرگانکا سنگھ انتخابی میدان میں ہیں جبکہ ان کی حریف آر ایل ڈی کی تبسم حسن ہیں جنہیں سماج وادی اور کانگریس کا تعاون حاصل ہے۔ مہاراشٹر کے گوندیا میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی گڑبڑ کے باعث 35بوتھوں پر ووٹنگ منسوخ کردی گئی۔اکھلیش نے ٹویٹ کیا کہ ایک ہزار EVMمیں خرابی کی شکایتیں موصول ہورہی ہیں۔ خواتین ، نوجوان ، مزدور ، بوڑھے سخت دھوپ میں بھوکے، پیاسے قطار میں کھڑے ووٹ ڈالنے کے منتظر ہیں۔یہ تکنیکی خرابی ہے یا انتظامیہ کی ناکامی یا پھر عوام کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی سازش ہے۔