ممبئی: سندھیا ہاؤس میں خوفناک آتشزدگی
ممبئی - - - - - ممبئی میں جمعہ کی شام خوفناک آتشزدگی سے عمارت کی تیسری اور چوتھی منزل جل کر تباہ ہوگئی ۔ عمارت میں تقریباً 6افراد آگ کے شعلوں میں گھر گئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران اور فائر بریگیڈ کی 6ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا اور عمارت میں پھنسے ہوئے مکینوں کو بحفاظت دوسری جگہ منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ۔ اس عمارت میں محکمہ انکم ٹیکس کا دفتر قائم ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پنجاب نیشنل بینک گھپلہ کیس کے ملزم نیرو مودی سے متعلق تمام کاغذات بھی اسی دفتر میں ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق آگ عمارت کی پہلی منزل پر لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری، تیسری اور چوتھی منزل تک پہنچ کر خوفناک شکل اختیارکرلی۔پولیس نے آتشزدگی کے اسباب اور نقصانات کے بارے میں معلومات جمع کرنے کی کارروائی شروع کردی۔