شیلانگ میں کرفیو نافذ،انٹر نیٹ سروس معطل
شیلانگ- - - - میگھالیہ کے شہر شیلانگ اور اس کے اطراف کے علاقے میں گزشتہ شب پولیس مشتعل ہجوم کے درمیان پرتشدد جھڑپ کے بعد کرفیو نافذ کردیا گیا۔ تھیم ماؤلنگ علاقے میں شیلانگ پبلک ٹرانسپورٹ سروس کی بس کے ڈرائیوروں کے ساتھ مارپیٹ کے بعد شروع ہونے والے تشددہنوزجاری ہے اور مشتعل بھیڑ شہر کے موٹپھران علاقے میں آج سویرے تک اکٹھا رہی ۔مشری کھاسی ہلس ضلع کے ڈپٹی کمشنر پیٹر ایس ڈیکھر نے بتایا کہ شیلانگ کے لومڈینگری تھانہ اور چھاؤنی بیٹ ہاؤس علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیاجہاں پرتشدد جھڑپوں کے بعدامن و امان کی صورتحال خراب ہوگئی ۔ علاقے میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار، عمارتوں میں توڑ پھوڑ سے افراتفری پھیل گئی ،سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے سے باز رکھنے کے لئے انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ مشتعل ہجوم کے پتھراؤ میں ایک صحافی اور 4 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے3شرپسندوں کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے پٹرول بم اور دھار دار آلہ ضبط کرلیا۔