لگتا ہے عمران نے آئین پڑھا نہیں،مریم اورنگزیب
لاہور... مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس ماڈل ٹاون میں ہوا مجموعی سیاسی صورتحال ،ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی5 سالہ کارکردگی اورپارٹی منشور سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس کے شرکاءنے اس امر پر اتفاق کیا کہ انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی صورت تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ،مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابی میدان میں اترنے اور کامیابی کے لئے پر عزم ہے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی 5 سالہ کارکردگی اور انتخابات سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔انہوںنے کہا کہ نگران وزیراعلی کے معاملے پر پی ٹی آئی نے مضحکہ خیز طرز عمل اختیار کیا ۔پوری قوم اسے دیکھ رہی ہے۔لگتا ہے عمران خان اور ان کے حواریوں میں سے شاید کسی نے بھی آئین نہیں پڑھا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ انتخابات بروقت ہوں گے۔ ۔عوام بھی تیار نظر آتے ہیں ۔ نگران حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے، ہم نے ووٹ اور ووٹر کو عزت دی۔