واشنگٹن۔۔۔امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے 12 جون کو ملاقات پروگرام کے مطابق ہو گی۔ٹرمپ نے یہ اعلان شمالی کوریا کے ایک اعلیٰ مندوب سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد کیا۔مندوب جنرل کم یونگ چول نے شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے ایک خط صدر ٹرمپ کے حوالے کیا۔پہلے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ خط بہت دلچسپ ہے، بعد میں اعتراف کیا کہ ابھی انھوں نے اسے نہیں کھولا۔انھوں نے کہا کہ سنگاپور میں ہونے والی سربراہی ملاقات میں کوریا کی جنگ کے باضابطہ خاتمے پر بات ہو سکتی ہے۔1950 اور 1953 کے دوران ہونے والی اس جنگ کا خاتمہ صلح سے ہوا تھا لیکن آج تک حتمی امن معاہدہ طے نہیں پا سکا۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے لان میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم 12 جون کو سنگاپور میں مل رہے ہیں۔ سب کچھ اچھے طریقے سے طے پا گیا ہے۔ ہم ان کے لوگوں کو اچھی طرح جان گئے ہیں۔