بلند شہرمیں تیزاب سے حملہ،3افراد جھلس گئے
بلند شہر۔۔۔یوپی کے ضلع بلند شہر کے گلاؤٹھی علاقے میں برف خریدنے کو لیکر ہونیوالے تنازع میں حملہ آوروں نے برف خانہ کے مالک کے گھر پر دھاوا بول کر اسکے خاندان پر تیزاب پھینک دیا جس سے 3افراد بری طرح جھلس گئے۔ پولیس کے مطابق قصبہ گلاؤٹھی کے دھولانا بس اسٹینڈ کے قریب سابق کونسلر بسم اللہ بیگم کا برف خانہ اور دودھ کی ڈیری قائم ہے جہاں موٹر سائیکل سوار نوجوان برف خریدنے پہنچا۔ وہاں کام کرنے والے ملازم دانش سے کسی بات پر نوجوان کی تکرار ہوگئی نوجوان واپس چلا گیا اور کچھ دیر بعد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ برف خانے پہنچا جو لاٹھی ڈنڈوں اور تلوار سے لیس تھے ملازم پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیااورکارخانے کے مالک کے اہل خانہ پر بھی تیزاب پھینک کر چلے گئے۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔