شوہر کے قتل کے الزام میں بیوی سمیت 5افرادکوعمر قید
ہمیر پور۔۔۔اتر پردیش کے ضلع ہمیر پور میں شوہر کے قتل کیس میں خصوصی جج رادھے شیام یادو نے جرم ثابت ہوجانے پر ملزمہ بیوی سمیت 5افراد کو عمر قید کی سزا کے ساتھ 12ہزار روپے فی کس جرمانہ ادا کرنے کا فیصلہ سنایا۔سرکاری وکیل شیلیش سروپ چورسیا نے بتایا کہ 10جون 2014ء کو جالون ضلع کے آٹا تھانہ حلقہ کے کرمیر گاؤں کے رہنے والے ہمت سنگھ اپنی بیوی پرینکا کے ہمراہ جارہا تھا کہ گاؤں کے رہنے والے ہلکائی اور اس کا بیٹا پردیپ ، وویک اور ہلکٹا ،شوہر کا تعاقب کرنے لگے اور مجھ گاواں پلیا کے قریب ہمت سنگھ پر حملہ کرکے قتل کردیا ۔شوہر کے قتل کے 2دن بعد بیوی تنہا گھر پہنچی تو اہل خانہ نے شوہر کے بارے میں پوچھ گچھ شروع تو وہ قابل قبول جواب دینے سے قاصر رہی ۔ بیوی کی نشاندہی پر پولیس نے مجھ گاواں پلیا سے لاش برآمد کی۔مقتول کے بھائی پرمانند نے پرینکا سمیت گاؤں کے دیگر 5افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔گزشتہ روز اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے بیوی اور گاؤں کے دیگر 5افراد کو عمر قید کی سزا اور 12ہزار روپے فی کس جرمانہ عائد کیا۔