فرینڈلی فٹبال: آسٹریا نے عالمی چیمپیئن جرمنی کو ہرا دیا
میلبورن: آسٹریا نے عالمی چیمپیئن جرمنی کو انٹرنیشنل فرینڈلی فٹبال میچ میں سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول نے ہرا کر فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں حریف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ انگلینڈ نے نائیجیریا، آئرلینڈ نے امریکہ، ناروے نے آئس لینڈ، چین نے تھائی لینڈ اور سلوانیا نے مونٹی نیگرو کو ہرا کر فتوحات سمیٹیں۔ ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں مختلف ممالک میں کھیلے گئے انٹرنیشنل فرینڈلی فٹ بال میچز میں آسٹریا نے عالمی چیمپیئن جرمنی کو زبردست مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 2گول سے زیر کیا۔ آسٹریا نے دونوں گول دوسرے ہاف میں کر کے کامیابی سمیٹی۔انگلینڈ نے نائیجیریا کو 1-2 سے شکست دی۔ آئرلینڈ نے امریکہ کو اسی مارجن سے ہرایا۔ ناروے نے آئس لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3سے شکست دی۔ چین نے تھائی لینڈ کو 0-2 اور سلوانیا نے مونٹی نیگرو کو 0-2 سے مات دی۔ پرتگال اور بیلجیئم، ڈنمارک اور سویڈن کے درمیان کھیلے گئے میچز بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوئے۔