رمضان المبارک، صبر، برداشت اور تقوی کا مہینہ ہے، ڈاکٹر جمیل مغل
پاکستان ڈاکٹرز فورم عسیر کی افطار پارٹی ، روزہ کی اہمیت اور افادیت پر گفتگو ، پاکستان کے موجودہ سیاسی پر بھی تبادلہ خیال
جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط
پاکستان ڈاکٹرز فورم عسیر کے چیئرمین OPFایڈوائزری کونسل کے ممبر ڈاکٹر جمیل مغل نے فورم کے ممبران کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا جس میں عسیر کی سماجی ، ادبی اور سیاسی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا۔ افطار پارٹی میں روزہ کی اہمیت اور افادیت پر گفتگو بھی کی گئی۔ پاکستان کے موجودہ سیاسی اور معاشی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر جمیل مغل نے تمام مہمانوںکی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان صبر، برداشت ، تقویٰ، پرہیز گاری کا درس دیتا ہے۔ یہ اللہ اور بندے کے درمیان اجرو ثواب کا مہینہ ہے۔ فیض و برکات کا مہینہ ہے۔ اللہ تعالیٰ رمضان میں بندوں کیلئے رحمتوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔ زیادہ وقت عبادت میں گزاریں ۔ ملکی حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے۔ سیاسی حکومت نے 5سال مکمل کئے اور انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان بھی ہوچکا ہے۔ او پی ایف ایڈوائزری کونسل پاکستانیوں کے وطن واپسی پرقرض اسکیم کا اجراء اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ ایئرپورٹس پر OPF کے اہلکار خدمت انجام دے رہے ہیں۔ آپ ان سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔
افطار پارٹی میں ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی، ڈاکٹر یاسین مغل، ڈاکٹر نعیم قائم خانی، ڈاکٹر محمد تسنیم، ڈاکٹرسہیل شاہ او رمحمد جاوید نے او پی ایف کی بہتری کیلئے چند تجاویز دیں جن کا ڈاکٹر جمیل مغل نے خیر مقدم کرتے ہوئے اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔