فرنچ اوپن : نڈال کی فتوحات جاری، سرینا دستبردار،شاراپووا کامیاب
پیرس: عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپیئن رافیل نڈال نے فرنچ اوپن میں فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا جبکہ سرینا ولیمز انجری کے سبب ایونٹ سے دستبردار ہو گئیں۔ پیرس میں جاری سال کے دوسرے گرینڈ سلیم اوپن ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں نڈال نے میکسی ملین مارٹرر کو شکست دی۔ مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں ہسپانوی اسٹار نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جرمن کھلاڑی مارٹرر کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3، 6-2 اور 7-6 سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔دوسری جانب شہرہ آفاق امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز انجری مسائل کے باعث فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میچ سے دستبردار ہو گئیں جس کی وجہ سے ماریا شارا پووا کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنلز کے دیگر مقابلوں میں اسٹار رومانوی کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرٹنز کو 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔جرمن اسٹار اینجلیق کربر بھی پری کوارٹر فائنل کی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں اور انہوں نے کیرولین گارشیا کو شکست فاش سے دوچار کیا۔