بلاول عید الفطر کے بعد خیبر پختونخوا میں سیاسی طاقت دکھائیں گے
کراچی- - - - پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عید کے بعد کھل کر سیاسی میدان میں نکلیں گے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو عید الفطر کے بعد خیبر پختونخوا میں 5 بڑے جلسے کریں گے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کی قیادت نے چیئرمین سے ملاقات کی اور جلسوں سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ کے پی کے میں زبردست انتخابی مہم چلائی جائے گی جس کے لیے ابتدائی طور پر 5 بڑے جلسے کیے جائیں گے جو کہ پشاور، مالاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان اور دیر میں ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی مہم پر نکلنے سے پہلے بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں میں شرکت اور ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملات دیکھنے کے بعد جلسوں کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی(خیبر پختونخوا) کے جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے تجویز دی ہے کہ پہلا یا آخری جلسہ پشاور میں ہو۔