Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان افرادی قوت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر متفق

سفیر پاکستان کی گورنر ٹیکنیکل و ووکیشنل ٹریننگ سے ملاقات، مملکت کو پاکستان میں ا فرادی قوت کی تربیت کی دعوت، سعودی وفد کو دورہ پاکستان کی دعوت
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے جنرل آرگنائزیشن برائے ٹیکنیکل و ووکیشنل ٹریننگ کے گورنر ڈاکٹر احمد بن فہد الفہید سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ انہوں نے دوران گفتگو پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ میں ہونے والی پیشرفت کا حوالہ دیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تدریسی نصاب میں پیشرفت، ٹیکنالوجی ، فنی تربیت ، صلاحیت کار میں زیادتی اور بہترین طریقہ ہائے کار کے انتخاب میں باہمی تعاون کے فروغ پر زوردیا۔ ڈاکٹر احمد بن فہد الفہید نے ان میدانوں میں سفیر پاکستان کو اپنی حمایت کا یقین دلایا اور باہمی تعاون اور اعلیٰ سطحی پیشرفت کیلئے مختلف میدان تجویز کئے۔ سفیر پاکستان نے گورنر کو گزشتہ 5برسوں میں مملکت میں آنے والے اپنے ہموطن تارکین کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مملکت پاکستان میں ایک سینٹر آف ایکسیلینس قائم کرے تاکہ وہاں سے تربیت یافتہ افرادی قوت مملکت کو مہیا کرنے کے علاوہ اپنے ملک کیلئے بھی تیار کی جاسکے۔ خان ہشام بن صدیق نے سعودی وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے اور وہاں کے پیشہ ورانہ تربیتی ادارو ںکو اسناد دینے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پاکستانی تربیتی ادارے بین الاقوامی معیار سے کسی طرح کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان جلد اپنے تارکین وطن کی فنی مہارتیں ظاہر کرنے کیلئے ایک اسکل میلہ یا روڈ شو منعقد کریگا اور انہوں نے گورنر سے انکی حمایت اور ان میں شرکت کیلئے درخواست کی۔ میزبان نے اس شو کے انعقاد کو سراہا اور اپنے دفتر کے ایک اہم اہلکار کو سفارتخانے سے تعاون کرنے پر مامور کردیا۔ سفیر پاکستان نے گورنر ڈاکٹر احمد بن فہد الفہید سے ملاقات پر اظہار مسرت کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط اور گہرے باہمی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے اپنے گرمجوش استقبال پر گورنر اور ادارے کے اہلکاروں کاشکریہ ادا کیا۔
 

شیئر: