یکم شوال سے کھلے مقامات پر 15 ستمبر تک ڈیوٹی لینا ممنوع ہے، خالد اباالخیل
ریاض..... وزارت محنت و سماجی بہبود نے اعلان کیا ہے کہ یکم شوال 1439ھ مطابق 15جون 2018ءسے دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی لینے پر عائد پابندی کا نفاذ شروع کردیا جائیگا۔ اسکا سلسلہ 5 محرم 1440ھ مطابق 15ستمبر 2018ءتک جاری رہیگا۔ وزارت محنت کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق دوپہر 12بجے سے 3بجے تک کھلے مقامات پر ڈیوٹی لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ فیصلہ کارکنان کی سلامتی اور صحت کے تقاضو ںکو پورا کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ وزارت کے ترجمان خالد اباالخیل نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ وزارت محنت 15رجب 1435ھ سے ایک فیصلہ جاری کئے ہوئے ہے اور وہ یہ کہ 15جون سے 15ستمبر تک دوپہر 12بجے سے سہ پہر3بجے تک کھلے مقامات پر کارکنان سے ڈیوٹی لینے کی قطعاًاجازت نہیں۔ جو حضرات اس کی خلاف ورزی کریں گے ان کےخلاف کارروائی ہوگی ۔