ویمنز ایشیا کپ کا بڑا اپ سیٹ، بنگلہ دیش نے ہند کو ہرادیا
کوالالمپور : ویمنز ایشیا کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم نے ہند کو 7وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے بڑا اپ سیٹ کرنے کے ساتھ ہند کے خلاف پہلی فتح بھی سمیٹ لی جبکہ ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی میچ ہاری ہے ۔ دوسری جانب تھائی لینڈ نے میزبان ملائیشیا کو صرف 36بنانے دیئے اور ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرتے ہوئے 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کی۔ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو فتح کیلئے 142رنز کا بڑا ہدف دیا تھا تاہم فرزانہ حق اور رومانہ احمد کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت بنگلہ دیش کیلئے تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔ دونوں نے با لترتیب 52اور42رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو آخری اوور کی چوتھی گیند پر ہدف تک پہنچا دیا۔ دونوں کے درمیان 93رنز کی شراکت قائم ہوئی جو ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم کا نیا ریکارڈ بھی ہے ۔قبل ازیں ہند کی جانب سے کپتان ہرمنپریت کور42اور دپتی شرما 32رنز بنا پائی تھیں ۔ باقی کھلاڑیوںمیں کوئی بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی اور 7وکٹوں پر141رنز بنا ئے۔ بنگلہ دیشی بولر رومانہ احمد نے 21رنز دے کر 3وکٹیں لیں۔رومانہ احمد کو آل راونڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسری جانب ٹورنامنٹ کے ایک اور میچ میں تھائی لینڈ کی بولرز نے میزبان ملائیشیا کی ٹیم کو 36رنز تک محدود رکھا ۔ ملائیشیا نے20اوورز پورے کھیلے اور اس کی 8وکٹیں گریں تاہم کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں نہیں پہنچ سکی ۔ٹاپ اسکور ر ساشا اعظمی تھیں جنہوں نے9رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئیں۔ تھائی لینڈ نے 9اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ نرمول چائی وی نے20رنز ناٹ آوٹ بنائے۔