قرآن کا معجزہ ہے کہ وہ اپنے پڑھنے والے کے ذہن کو منور کر دیتا ہے، سردار اعظم
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مدرسہ عبداللہ بن زبیر کے مہتمم ا ور کمیونٹی کے معروف رکن سردار اعظم نے کہا ہے کہ مدرسہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اب تک یہاں سے650 سے زائد طلباء حفظ قرآن کر چکے ہیں۔ قرآن کریم کا معجزہ ہے کہ حافظ کا دماغ روشن ہو جاتا ہے اور اسکے ذہن کے وہ خلیات کھل جاتے ہیں جو عام انسان میں بند ہوتے ہیں جس سے وہ دنیاوی علوم میں بھی انتہائی آسانی سے غیر معمولی مہارت حاصل کر لیتا ہے ۔ مدرسہ عبداللہ بن زبیر کے طالب علم بلا ل امین کی ختم قرآن کی پروقار تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہو ںنے مزید کہا قرآن پاک دنیا میں انسانو ںکیلئے راہ نجات ہے اس پر عمل کرنے میں دین و دنیا کی فلاح ہے۔ یہ صرف قرآن پاک کا ہی اعجاز ہے کسی بھی دنیاوی کتاب کو اس طریقہ سے یاد کرنا ممکن نہیں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں تو قرآن کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ چونکہ یہ مہینہ نزول قرآن کاہے اس لئے جتنی زیادہ قرآن پاک کی تلاوت کی جائے اتنی ہی زیادہ حلاوت محسوس ہوتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مدرسے کے مہتمم نے مزید کہا اس وقت مدرسہ عبداللہ بن الزبیر سے 650سے زائد طلباء حفظ قرآن مکمل کرچکے ہیں اور فارغ التحصیل طلباء میں ڈاکٹرز ، انجینئرزاور مختلف اہم دنیاوی شعبوں میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ ہونہار طلبا مختلف میدانوں میں دین کی تبلیغ اور اشاعت کا عملاً بہترین ذریعہ ہیں۔ سردار اعظم نے مزید کہا اس وقت پاکستان کو محض ڈاکٹرز ، انجینئرز اور مفکرین کی ضروررت نہیں بلکہ پاکستان اور عالم اسلام کو مسلم ڈاکٹرز ،مسلم ماہرین اورمسلم مفکرین کی ضرورت ہے جو اسلامی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیاوی امو ر انجام دیں ۔ اسلام دین فطرت ہے اس کی تعلیمات رہتی دنیا تک کیلئے ہیں ۔ تقریب سے طالبعلم بلال امین کے والد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلال میرا ا کلوتا بیٹا ہے۔ میری زندگی کی سب سے بڑی خواہش تھی کہ اپنے بیٹے کو قرآن حفظ کرائوں۔ بظاہر یہ مجھے بڑا مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن مدرسہ عبداللہ بن الزبیر کی وجہ سے اللہ نے یہ کام ممکن بنا دیا میں سردار اعظم اور ان کی ٹیم کا نہایت شکر گزار ہوں جو خوشی آج میں محسوس کررہا ہوں ۔ ان کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں اور میرا تمام والدین کو پیغام ہے کہ ضرور اپنے بچوں کو اس عظیم نعمت سے سرفراز کریں۔ کیونکہ دنیاوی تعلیم صرف دنیا تک ہی محدود ہے لیکن یہ ایک ایسی روشنی ہے جو آخرت تک ساتھ دے گی۔