پاکستانی سرمایہ کار وطن عزیز میں کاروبار پر توجہ دیں، خان ہشام بن صدیق
پاکستان میں صنعتکاری اور اراضی کی خرید و فروخت منافع بخش کاروبار ہے، پاکستان میں مالیاتی خدمات کے زیر عنوان سیمینار سے خطاب
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستانی ماہرین نے سعودی عرب کے مالیاتی شعبے میں قابل فخر خدمات انجام دی ہیں اور یہ کہ مملکت میں بینکاری کو فروغ دینے خصوصا ً ان کردار قابل قدر رہا ہے۔ وہ سفارتخانے میں ”پاکستان میں مالیاتی خدمات“ کے زیر عنوان منعقدہ ایک سیمینار میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ساما کے مشیر طارق جاوید ، ڈاکٹرریاض جاوید خواجہ ستارہ امتیاز اور سعودی امریکی بینک کے مملکت اور پاکستان سے اعلیٰ عہدیداران کے علاوہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ سعودی مالیاتی اداروں میں مصروف کار پاکستانی ماہرین دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کررہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں بینکوں کی خدمات کسی طور بھی عالمی معیار سے کم نہیں اس لیے ان کی پیش کردہ سہولیات اور شرح منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے مملکت میں مصروف کار تاجروں کو اپنے وطن عزیز میں بھی سرمایہ لگانا چاہئے۔ خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ پاکستان میں صنعتکاری کے علاوہ اراضی کی خرید وفروخت بھی منافع بخش کاروبار ہیں۔ قبل ازیں سعودی امریکی بینک پاکستان کے صدر شاہد ستار نے مہمان مقرر کے طور پر اپنے مالیاتی ادارے کی مختلف النوع اسکیموں پر روشنی ڈالی اور واضح کیا کہ یہ ممکن ہے کہ مملکت میں ان کے بینک کا ایک کھاتہ دار اپنے حساب میں جمع شدہ رقم کو زرضمانت کے طور پر دکھا کر پاکستان میں اسی بینک سے اپنے کاروبار کےلئے قرض حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دواسازی اور اسپتالوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری منافع بخش ثابت ہورہی ہے۔ شاہد ستار نے واضح کیا کہ ان کے بینک کی پاکستان میں 37 شاخیں کام کررہی ہیں۔ پروگرام کے آغاز میں کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین نے کہا کہ سفارتخانے میں انعقاد پذیر ہونے والا سیمینار قبل ازیں ریاض چیمبر آف کامرس میں ہونے والے ”پاکستان میں سرمایہ کاری“ کے موضوع پر ہونے والے سیمینار کا ہی دوسرا حصہ تھا اور یہ کہ ان کا سیکشن پاکستان میں سرمایہ کاری پر ہر طرح کی معلومات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ تقریب کی نظامت ہیڈ آف چانسری سیف اللہ خان نے کی۔ قاری نعمت اللہ کی تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا آغاز ہوا۔