انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے بلڈنگ انچارج سید محمود کو الوداعیہ
جدہ ( امین انصاری ) - - - - انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے غیر تدریسی شعبہ سے تعلق رکھنے والے سید محمود (بلڈنگ مینٹننس انچارج ) گزشتہ دنوں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوکر وطن عزیز حیدرآباد دکن واپس لوٹ گئے ۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسکول جدہ کو 21 سال تک اپنی خدمات دیں ۔ وہ اپنے دور میں بلڈنگ کی نگہداشت اور الیکٹرک کے کاموں کو بہ خوبی انجام دے رہے تھے انہوں نے اپنی ذاتی وجوہ کی بناپر استعفیٰ دیکر اپنی خدمات سے سبکدوشی حاصل کی ۔ پرنسپل سید مسعود احمد نے انہیں یادگاری شیلڈ عطا کی اور کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ سید محمود نوجوانی سے اسکول کی خدمت کررہے تھے۔ وہ ایک ملنسار اور خوش مزاج شخصیت کے مالک تھے ۔ شیلڈ دیتے وقت اسکول کے ذمہ داران محمد اکرم شاہ جہان ( ایڈمنسٹریشن آفیسر )خالد عبیدی ( E S) سعید احمد المالکی ( مندوب ) محمد فضیل ( D S ) محمد نوفل ( ہیڈ ماسٹر X ۔ XII ) محمد عبدالسلام ( مندوب)کے علاوہ دیگر اسٹاف بھی موجود تھا ۔سید محمود نے اس موقع پرانہوں نے کہا کہ نونہالان قوم کیلئے اپنی خدمات دیتے ہوئے مجھے بے انتہا مسرت ہوتی ہے ۔ اسکول کے بچوں کے درمیان 21 سال کا عرصہ کب گزرگیا پتہ ہی نہیں چلا ۔ اسکول کے اسٹاف کا خلوص ہمیشہ یاد رہے گا۔ اسکول انتظامیہ ، اساتذہ اور بچوں کا انہوں نے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی محبتوں اور دعاؤں سے نواز ا ۔