قطر سے متعلق پاکستانی میڈیا کی رپورٹیں غلط ہیں، سعودی سفارتخانہ
اسلام آباد۔۔۔۔اسلام آباد میں سعودی سفارتخانہ نے جمعہ کو اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ پاکستانی اخبارات میں شائع ہونیوالی وہ رپورٹیں قطعاً بے بنیاد ہیں جن میں دعویٰ کیا گیاہے کہ قطر میں مقیم غیر ملکی اور وہاں کے شہریوں کو عمرہ کی اجازت نہیں دی جارہی۔ سعودی سفارتخانہ نے توجہ دلائی کہ قطری حکام یہ دعویٰ کرکے سستی شہرت حاصل کرنے کے درپے ہیں۔ سعودی عرب نے جس روز قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کیا تھا ،اسی دن یہ بیان جاری کیا تھا کہ قطری بھائیوں کے ساتھ محبت کے رشتے استوار رہیں گے اور انہیں حج و عمرے کی ادائیگی کیلئے مطلوبہ تمام سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ سعودی سفارتخانہ نے پاکستانی میڈیاسے اپیل کی کہ وہ سعودی عرب کے خلاف قطری کی جانب سے چلائی جانے والی تشہیری مہم کے چکر میں نہ پڑیں اور کوئی بھی خبر شائع کرنے سے قبل اس کے درست ہونے کا یقین ضرور کریں۔