فیفا ورلڈ کپ: روس عالمی رینکنگ میں سب سے کمتر
زیورخ:فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ سے قبل نئی عالمی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں دفاعی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم بدستور پہلی پوزیشن پر ہے لیکن ورلڈ کپ کی میزبان روس کی ٹیم آئندہ ہفتے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں لوئسٹ رینکڈ ٹیم کے طور پر ایونٹ کا آغاز کرے گی۔ رینکنگ ابتدائی 7 پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور عالمی چیمپیئن جرمنی پہلے، برازیل دوسرے، بیلجیئم تیسرے، پرتگال چوتھے، ارجنٹائن پانچویں، سوئٹزرلینڈ چھٹے اور فرانس ساتویں نمبر پر موجود ہے۔دیگر ٹیموں میں پولینڈ کی ٹیم دو درجے ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئی اور سابق عالمی چیمپیئن اسپین کی ٹیم دو درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلی گئی۔انگلینڈ ایک اور یوروگوائے3 درجے ترقی کرکے بالترتیب 12ویں اور 14ویں نمبر پر آ گئے ۔ ہالینڈ دو درجے ترقی کے ساتھ 17ویں نمبر پر آ گیا۔ویلز کی ٹیم3 درجے ترقی پا کر ٹاپ20 میں شامل ہو کر 18ویں پوزیشن پر براجمان ہو گئی ہے، کروشیا 2 اور تیونس ایک درجے تنزلی کے بعد ٹاپ20 سے باہر ہو گئیں۔روس کی 4 درجے تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ 70ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور ورلڈ کپ میں سب سے کم تر رینکنگ کی حامل ٹیم کے طور پر ایونٹ میں انٹری کرے گی۔