جائداد کے لالچ میں بہو نے ساس کو گولی ماردی
موتیہاری۔۔۔۔بہار کے ضلع مشرقی چمپارن کے رگھو ناتھ پور کے مجرا ہاگاؤں میں بہونے اپنی ساس کو گولی مار کر قتل کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مجراہا گاؤں کی رہنے والی حسینہ خاتون اور اس کی بہو شبنم کے مابین جائداد کے مسئلے پر تنازع چل رہا تھا۔اسی اثناء میں شبنم اور ساس میں تکرار شروع ہوگئی اور بات اس حد تک بڑھی کہ شبنم نےطیش میں آکر گھر میں موجود پستول سے ساس پر گولی چلا دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔حسینہ خاتون کو فوراً قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی۔ ذرائع نے بتایا کہ متوفیہ کے شوہر سلیم انصاری نے متعلقہ تھانے میں بہو کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی ۔ پولیس نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی اور مفروربہو کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔