عذاب کے پُرخار راستہ سے بے ضرر نکلنے کا نام تقویٰ ہے، مولانا صلاح الدین خالد
ہندوستانی بزم اردو ریاض اور بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کی طرف سے سحری اور لیکچر ،مختلف تنظیموں کے اراکین کی شرکت
کے این واصف ۔ ریاض
ہندوستانی بزم اردو ریاض اور بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض ہر سال رمضان المبارک میں مشترکہ طور پر ایک محفل معہ طعام سحری کا اہتمام کرتا ہے جس میں کسی دینی اسکالر کو لیکچر کیلئے مدعو کیا جاتا ہے۔ امسال بزم نے مولانا صلاح الدین خالد کو مدعو کیا جس میں مولانا خالد نے ’’روزہ اور تقویٰ قرآن کی روشنی میں‘‘ کے عنوان پر خطاب کیا۔ مولانا خالد کئی برس سے’’ انڈر اسٹینڈ قرآن ڈاٹ کام‘‘ نامی ویب سائٹ پر قرآن فہمی پر درست دیتے ہیں۔ ایک مقامی ریستوران کے ہال میں منعقدہ اس محفل میں ڈاکٹر حفظ الرحمان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ محفل کا آغاز مصطفی تقی الدین کی قرأت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد انجینیئر احسان احمد (دمام) نے نعت مبارکہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
ناظم محفل تقی الدین میر کے ابتدائی کلمات کے بعد صدر ہندوستانی بزم اردو ریاض نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان میں بہت بڑا دینی سرمایہ موجود ہے۔ نئی نسل اردو سے دور ہوکر بالواسطہ طور پر دین سے بھی دور ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ بزم اردو کا مقصد اردو زبان کی ترقی و ترویج اور نئی نسل میں اردو زبان کا منتقل کرنا ہے تاکہ ہماری نئی نسل اپنی مادری زبان سے واقف ہو او رہمارے دینی سرمائے کی حفاظت ہو۔
صلا الدین خالد نے سلائڈز کی مدد سے لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ روزہ ’’تقویٰ ‘‘کی منزل کا راستہ ہے اور تقویٰ اختیار کرنا عذاب سے بچنے کا ذریعہ ہے۔ مولانا خالد نے کہا کہ اللہ کی نافرمانی اور عذاب کے پُرخار راستہ سے بے ضرر نکلنے کا نام تقویٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف اہل کتاب یا اہل قرآن ہوجانا کافی نہیں ۔ قرآن کتابِ ہدایت ہے اور ہدایت انہی کو حاصل ہوتی ہے جو قرآن سے رجوع ہوتے ہیں۔ اسے پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مولانا خالد نے کہا کہ قرآن کی روشنی میں متقی وہ ہیں جو نماز قائم کریں۔
ڈاکٹر سعید محی الدین صدر بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب نے اپنے مختصر خطا ب میں کہا کہ کلب اردو والوں میں خود اعتمادی، فن خطابت اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کی تربیت دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو اس کلب سے جڑنے کی خواہش کی۔
ڈاکٹر حفظ الرحمان اعظمی نے کہا کہ حدیث کی رو سے قرآن کو سمجھنا اور اس علم کو دوسروں تک پہنچانا سب سے افضل عمل ہے۔ ہندوستانی بزم اردو ریاض اورٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض اس طرح کی محافل کا اہتمام کرکے ایک کار خیر انجام دے رہا ہے۔
اس محفل میں مختلف تنظیموں کے اراکین اور کمیونٹی کے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آخر میں تقی الدین میر نے شکریہ اداکیا اور طعام سحری پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔