کراچی- - - - - -پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو ریٹرننگ آفیسر نے اسکروٹنی کے لیے آج (منگل) طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے قومی اسبلی کے حلقہ این اے 243 سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کردیا گیا ہے جس پر ریٹرننگ آفیسر نے پی ٹی آئی چیئرمین کو آج طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اسی حلقے سے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی پارٹی کی جانب سے نام زد امیدوار ایڈووکیٹ عبدالوہاب ایڈووکیٹ نے عمران خان کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کی درخواست دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جو شخص اپنی بیٹی کو تسلیم نہیں کرتا، اسے الیکشن میں حصہ لینے کا حق نہیں۔ حلقے کے ریٹرننگ افسر نے درخواست قبول کرتے ہوئے عمران خان کو خود یا اپنے نمائندے کے ذریعے پیش ہوکر کاغذات کی اسکروٹنی کروانے کا کہا ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان کی جگہ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل پیش ہوں گے جس کے لیے انہیں اتھارٹی لیٹر جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عمران خان گزشتہ روز اپنی اہلیہ کے ساتھ مدینہ منورہ پہنچے تھے جس کے بعد وہ آج عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں:- - - -مشرف کسی رعایت کے مستحق نہیں ،اٹارنی جنرل