پاکستانی کرکٹرزکے سنٹرل کنٹریکٹ معاوضوں میں اضافہ
لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال کے سنٹرل کنٹریکٹ کیلئے کھلاڑیوں کی تعدادکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ معاوضوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، چیف سلیکٹر انضمام الحق، ڈائر یکٹر کرکٹ ہارون رشید اور ڈائر یکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر نئے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دیں گے۔ بورڈ نے گذشتہ سال35 کھلاڑیوں سے ایک سال کے لئے معاہدہ کیا تھا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ کو ورلڈ کپ کی مناسبت سے تشکیل دیا جائے گا جبکہ معاوضوں میں اضافہ اور کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے کا اصولی فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس سال تقریباً 25 کھلاڑیوں سے معاہدے کئے جائیں گے۔ ٹیم انتظامیہ نے ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کا پول تشکیل دے دیا ہے اور ان میں سے زیادہ تر کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی شامل ہوں گے۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے خاتمے پر کوچ مکی آرتھر ایک ہفتے کیلئے آسٹریلیا جائیں گے تاہم انہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے کپتان سرفراز احمد سے بھی مشاورت کر لی ہے ۔ نئے معاہدوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا جبکہ کرکٹرز کے موجودہ کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی تعداد کم کر کے معاوضہ بڑھانے کی وجہ انہیں غیر ملکی لیگز سے دور رکھنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہ ہونے والے کرکٹرز باآسانی غیر ملکی لیگز میں شرکت کر سکیں گے تاہم انہیں اس کےلئے کمیٹی سے خصوصی اجازت درکار ہوگی۔کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں اور پالیسی کا باقاعدہ اعلان عید الفطرکے بعد کیا جائے گا۔