مملکت اور پاکستان کے مابین قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات جاری ہیں ، قونصل جنرل کی پریس قونصل ارشد منیر کیجانب سے منعقدہ افطار پارٹی میں اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی )قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہا ہے کہ پی او سی کے اجرا ءکےلئے نادرا سیکشن میں درخواستوں کی وصولی شروع کی گئی ہے ۔ پاکستان اوریجن کارڈ (poc) کےلئے آن لائن درخواستیں وصول کی جاتی تھیں تاہم بعض مراحل میں ہم وطنوں کو درپیش مشکلات کے باعث نادرا کے مقامی آفس میں درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ وہ پریس قونصل ارشد منیر کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار پارٹی کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ مملکت اور پاکستان کے مابین قیدیوں کے تبادلہ کے بارے میں سوال پر قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ مقامی حکام سے اس حوالے سے اعلیٰ سطح پر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جونہی دو طرفہ طور پر معاملات طے پائیں گے اعلان سرکاری سطح پر کردیاجائے گا ۔ ویسٹرن ریجن میں پاکستانی قیدیوں کے حوالے سے سوال پر قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ کا ویلفیئر ونگ بہترین اندام میں کام کر رہا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ ماہ 300 سے زائد پاکستانی قیدیوں کو جن کی سزا پوری ہو گئی تھی وطن روانہ کروایا گیا ہے تاہم شعبہ ویلفیئر کے اہلکار جیلو ںکے حکام سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیںجن کی کوشش ہوتی ہے کہ ہم وطنوں کو فوری اور ضروری امداد فراہم کی جائے ۔قونصلیٹ میں پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر معاملات کے بارے میں قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم وطنوں کو بہترسے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ آرام سے معاملات نمٹا سکیں ۔ نئی مجوزہ قونصلیٹ کی عمارت کے سوال پر شہریار اکبر کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ کی عمارت کی تعمیرکے لئے معاملہ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ شہریار اکبر نے مزید کہا کہ سعودی عرب تبدیلی کے اہم مرحلے سے گزر رہا ہے جو سب کےلئے انتہائی اہم ہے۔