تحریک انصاف اور چوہدری نثار میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تردید
اسلام آباد...تحریک انصاف اور چوہدری نثار کے ترجمان نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تردید کی ہے۔ واضح رہے کہ اطلاعات تھیں کہ سابق وزیر داخلہ اورمسلم لیگ (ن) سے ناراض رہنما چوہدری نثار نے نئی سیاسی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے ۔ چوہدری نثارنے تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے مقامی بااثر سیاسی نمائندوں سے روابط تیز کر دیئے ۔ جواب میںتحریک انصاف نے غلام سرور خان کو چوہدری نثار کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ۔ذرائع نے دعوی کیا کہ تحریکِ انصاف این اے 59 چکری سے چو ہدری نثار کا ساتھ دے گی ۔ چوہدری نثار این اے 63 ٹیکسلا سے تحریکِ انصاف کے امیدوار غلام سرور خان کی مدد کریں گے۔ اسی طرح 2صوبائی نشستوں پی پی 10 اور پی پی 12 پر بھی ایک دوسرے سے تعاون کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے ترجمان چوہدری فواد نے ایک بیان میں کہا کہ چوہدری نثار سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہورہی ۔غلام سرور خان کو باضابطہ امیدوار نامزد کیا جا چکا ۔سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ تحریک انصاف ملک بھر سے الیکشن لڑ رہی ہے۔ ترجمان چوہدری نثار نے بھی تحریک انصاف کے ساتھ کسی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تردید کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے بات چیت بھی نہیں ہو رہی۔