پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا
حکام کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 252 روپے اور 10 پیسے ہوگئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول 3 روپے 72 پیسے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد اس کی فی لیٹر نئی قیمت 252 روپے 10 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ’ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی فی لیٹر نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔‘
دوسری جانب لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 48 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد یہ فی لیٹر 151 روپے 73 پیسے پر دستیاب ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت 62 پیسے کم کی گئی ہے اور اب اس کی فی لیٹر نئی قیمت 164 روپے 98 پیسے ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔
حکام وزارتِ خزانہ کے مطابق ’پیٹرولیم مصنوعات کی یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔‘
وزارت خزانہ کے مطابق ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر کیا گیا ہے۔‘