پی ٹی آئی کا خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست تبدیل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد- - - -پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے بنائی گئی فہرستیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے نئی فہرستیں بنانے کی ذمے داری خود لے لی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی نے خواتین کی مخصوص نشستوں کی حتمی فہرستیں 11 جون کو الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی تھیں تاہم کارکنوں اور دیگر ذمے داران کی جانب سے کچھ خواتین کو نوازنے اور کچھ کو نظر انداز کرنے سے متعلق شکایات سامنے آئی تھیں جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خود شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں درست قرار دیا اور پہلی بنائی گئی فہرست مسترد کرتے ہوئے بابر اعوان کو نئے سرے سے فہرستیں ترتیب دینے کے لیے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ پارٹی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے شیریں مزاری کے کردار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔