باکسرمحمد وسیم کی نئے عالمی اعزاز کیلئے تیاری
کوئٹہ: پاکستانی باکسر محمد وسیم نے 15 جولائی کو فلائی ویٹ کیٹگری میں ورلڈ ٹائٹل جیتنے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ باکسر محمد وسیم نے ہم وطنوں کو دعاوں کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے تحت ورلڈ ٹائٹل کا مقابلہ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں منعقد ہوگا، جہاں باکسر وسیم، جنوبی افریقہ کے موروئی متھالین کے مدمقابل ہوں گے۔جنوبی افریقن باکسر نے اپنے فائٹ کیرئیر کے 37 میں سے 35 مقابلوں میں فتح حاصل کی ہے جبکہ محمد وسیم بھی اب تک 8 انٹرنیشنل مقابلوں میں ناقابل شکست رہے ہیں۔محمدوسیم اس وقت ورلڈ ٹائٹل کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں سخت ٹریننگ میں مصروف ہیں جس کیلئے وہ انتہائی تجربہ کار امریکی ٹرینر جیف مے ویدر سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ باکسر محمدوسیم کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھرسبز ہلالی پرچم کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جس کیلئے انہوں نے قوم سے دعاوں کی گزارش کی ہے۔واضح رہے کہ محمد وسیم ڈبلیوبی سی سلور چیمپیئن کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ برس ڈبلیو بی سی کی رینکنگ میں وہ فلائی ویٹ کیٹیگری کے نمبر ون باکسر بھی قرار پائے تھے۔