اسٹار انٹرنیشنل مارشل آرٹس اکیڈمی، جدہ کے چیف کوچ و ڈپٹی گرینڈ ماسٹر محمد اسحاق نے محمد شعیب کوبیلٹ باندھی اور سند عطا کی
جدہ ( امین انصاری ) - - - -اسٹار انٹرنیشنل مارشل آرٹس اکیڈمی، جدہ کے طالب علم محمد شعیب حاجی میاں کو چیف کوچ و ڈپٹی گرانڈ ماسٹر محمد اسحاق بلیک بیلٹ’’سیونتھ ڈان‘‘نے بلیک بیلٹ’’سیکنڈ ڈان‘‘ کی باوقار ڈگری عطا کی ۔ مارشل آرٹ کے کمسن طالب علم محمد شعیب نے سخت محنت کے بعد کئی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بلیک بیلٹ’’سیکنڈ ڈان‘‘ تک رسائی حاصل کی۔ انہوںنے اس پوزیشن کو حاصل کرنے کیلئے 7 سال تک جدوجہد کی ۔ اسی دوران محمد شعیب نے حفظ قرآن کریم بھی مکمل کیا اور 12 ویں کلاس کا امتحان دیکر کامیابی حاصل کی ۔ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے ہندوستان کے شہر ممبئی منقل ہورہے ہیں جہاں وہ اپنے والد کے عزم اور استاد ڈپٹی گرینڈ ماسٹر محمد اسحاق کی اجازت سے ممبئی میں اسٹار انٹرنیشنل مارشل آرٹس اکیڈمی کی شاخ کا افتتاح کریں گے ۔ ماسٹر اسحاق نے انہیں انسٹرکٹر کی ذمہ داری سونپتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
واضح رہے کہ صاحب الطاف خان اور رومیہ رحمان کو جدہ سے ممبئی میں بحیثیت انسٹرکٹر مقرر کیا جاچکا ہے ۔ ماسٹر اسحاق نے حافظ محمد شعیب کو ممبئی میں واقع کُرلہ کی برانچ کا انسٹرکٹر مقرر کیا ہے ۔ محمد شعیب کی بیلٹ اور سر ٹیفکیٹ ایوارڈ تقریب میں کلب کے ایڈوائزر محمود مصری ، ممبران اسامہ عرفان خان ، عمر نذیر اور دیگر ارکان موجود تھے ۔محمد شعیب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جو بھی فن اپنے اساتذہ سے سیکھا، اس کو قائم و دائم رکھنے کی حتی المقدور کوشش کرونگا اور اپنے فن کو دوسروں تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوںگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اپنے والدین کامکمل تعاون حاصل رہاجس کی وجہ سے میں مارشل آرٹ میں بلیک بیلٹ ’’سیکنڈ ڈان‘‘ تک پہنچنے میں کامیاب ہو سکااور ساتھ ہی ساتھ حفظ قرآن مجیدبھی مکمل کرلیا ۔ میری کوشش ہو گی کہ میرے فن سے قوم و ملک کو فائدہ پہنچے اورمیرے والدین ، اساتذہ اور اسٹار کراٹے کلب، جدہ کا نام روشن ہوسکے۔
ڈپٹی گرینڈ ماسٹر محمد اسحاق نے نصیحت کی کہ کبھی اپنے فن کا بیجا استعمال نہ کریں ۔آپ نے جو فن سیکھا وہ قوم کی امانت ہے، اسے قوم تک پہنچانے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے دیگر طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب لڑکے اپنے اپنے علاقوں میں اس فن کو عام کرنے کی کوشش کریں۔یہ سیلف ڈیفنس ہے اور اس کے علاوہ جسمانی فٹنس کیلئے بھی انسان کا بہترین ساتھی ہے ۔ انہوں نے پریکٹس جاری رکھنے کی سختی سے تلقین کرتے ہوئے باور کرایا کہ یہ آپ کے جسم کی غذا ہے ۔ قرآن مجید کی تلاوت اور نمازوں کی ادائیگی کو انہوں نے روح کی غذا قرار دیا اور کہا کہ جب تک یہ دونوں ساتھ رہیں گے، آپ دنیا و آخرت میں سرخرو رہیں گے ۔ انہوں نے اس موقع پر تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شرکت کرکے طلبہ کی ہمت افزائی کی ۔