Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک سائبان تلے عید منا کر وطن سے دوری کا احساس ختم ہو گیا، سردار خان

 عیدکی خوشیوں کو بھی کمیونٹی کے ساتھ ملکر منانے کی کوشش کرتے ہیں،ہمنوا لیڈیز کلب کی شاندار کاوش قابل تعریف ہے،سفارتخانے میں منقعدہ تقریب سے قائم مقام سفیر کا خطاب
 
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
 عیدالفطر خوشیوں کا ایسا تہوار ہے جس میں لوگ نہ صرف ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں بلکہ آپس میں ملکر عید کی خوشیوں کو بھی دوبالا کرتے ہیں۔ایسی ہی ایک تقریب سفارت خانہ پاکستان، ریاض میں منعقد ہوئی جس میں عید کے سبھی رنگ نمایاں تھے۔ سفارت خانہ پاکستان اور ہمنوا لیڈیز کلب کی جانب سے عید گالا کی تقریب میں قائم مقام سفیر سردار خان خٹک کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے مردو خواتین نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں موسیقی بھی پیش کی گئی جس نے خوب سماں باندھا ۔ مقامی گلوکاروں عمر اور ڈاکٹر خالد عباسی نے مختلف نغمے سنا کر تقریب کو چار چاند لگا دیئے ۔ اس موقع پربچوں اور بڑوں کے علاوہ شادی شدہ جوڑوں کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے اور کامیاب ہونے والوں کو انعامات بھی دئیے گئے۔
    پاکستان کے قائم مقام سفیر سردار خان خٹک نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید ہمارا ایسا مذہبی تہوار ہے جسے ہر کوئی چاہتا ہے کہ وہ اپنے ملک میں اور اپنے گھر والوں کے ساتھ منائے مگر جس طرح آج کمیونٹی ممبران مل کر عید منا رہے ہیں، اس سے وطن سے دوری کا احساس ختم ہو گیا۔ سفارت خانہ پاکستان جہاں کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے، وہیں عید جیسی خوشیوں کو بھی کمیونٹی کے ساتھ ملکر منانے کی کوشش کرتا ہے تاکہ دیار ثانی میں مل کر ایک دوسرے کو خوشیاں دے سکیں ۔   
    ہمنوا لیڈیز کلب کی جانب سے شاندار کاوش کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے سردار خان خٹک نے کہاکہ ہمنوا نے ہمیشہ اچھے پروگرام ترتیب دئیے ہیں جو کہ کمیونٹی کو اچھی اور معیاری تفریح مہیا کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ ان کے فلاحی کاموں کا جائزہ لیا جائے تو وہ بھی قابل تحسین ہیں جس پر وہ ہمنوا کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں اور انکی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری تمنا ہے کہ ہمنوا یونہی کمیونٹی کی خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔
     ہمنوا کی صدر بلقیس صفدرنے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیارثانی میں عید نہ صرف پھیکی ہوتی ہے بلکہ اپنوں کی دوری بھی محسوس ہوتی ہے۔ اسی لئے ہم نے عید گالا کے ذریعے کوشش کی ہے کہ اس احساس کو ختم کریں اور پاکستانی کمیونٹی کو اکٹھا کرکے عید کے رنگوں کو اجاگر کریں تاکہ پردیس میں دیس جیسی عید منائی جا سکے۔ آج جو لوگ یہاں موجود ہیں وہ یقینی طور پر عید گالا ایونٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں کیونکہ عید اپنوں کی دید کا ہی نام ہے۔
     ہمنوا لیڈیز کلب کی جنرل سیکریٹری شمائلہ شہباز نے کہا کہ ہمنوا لیڈیز کلب نے ہمیشہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور کوشش کی ہے کہ دکھی انسانیت کی بھرپور مدد کی جائے اور اس نیک کام میں کمیونٹی نے ہمارا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیا ہے۔ اس کے علاوہ ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ کمیونٹی کو تفریحی پروگرامز کے حوالے سے اکٹھا رکھا جائے اور ایسے تفریح پروگرام ترتیب دئیے جائیں کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھرپور طریقے سے انجوائے کر سکے۔آج کی تقریب عید کی خوشیوں کو دوبالاکرنے کے لئے ہے تاکہ ملک سے دور رہ کر اپنوں کے سنگ اپنائیت کا احساس ہو۔
    عید گالا میں شریک تمام مردو خواتین نے ہمنوا کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج انہوں نے پردیس میں اچھے انداز کے ساتھ دیس جیسی رنگا رنگ عید منائی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -ریاض: عید ایونٹ مکمل رعنائیوں کیساتھ جاری

شیئر: