اسٹیشن ماسٹر کو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا
بھاگلپو- - - -نوگچھیا کے کٹریا ریلوے اسٹیشن پر رات گئے بدمعاشوں نے اسٹیشن ماسٹر رشی کیش کمار کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ گولی اسٹیشن ماسٹر کی کمر میں لگی جنہیں فوراً اسپتال میں داخل کرادیا گیا جہاں انکی حالت قدرے بہتر ہے۔ اسٹیشن پر تعینات آر پی ایف کے اہلکار منوہر لال یادو کو بد معاشوں نے بری طرح زدوکوب کرکے زخمی کردیا جسے مایا گنج کے اسپتال میں علاج کیلئے داخل کرادیا گیا۔ زخمی اسٹیشن ماسٹر رشی کمار ضلع پورنیہ کے ڈگروا قصبہ کے رہنے وا لے ہیں جبکہ زخمی آر پی ایف اہلکار منوہر لال یادو کا تعلق ضلع نوادا کے بھونپور کے گاؤں گووند پور سے ہے۔ زخمی سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ رات گئے ایک معمر جوڑا ٹرین سے اسٹیشن پر اترا جسے وہ ساتھ لیکرباہر جانے لگا۔ اسٹیشن پر موجود بدمعاش یہ دیکھ کر بھڑک گئے۔بدمعاشوں نے آر پی ایف کے جوان پر حملہ کردیا اور پستول نکال کرفائرنگ کی تاہم سیکیورٹی اہلکار اسٹیشن ماسٹر کے آفس میں چھپ گیا ۔ بدمعاش تعاقب کرتے ہوئے وہاں آگئے اور اسٹیشن ماسٹر کے چیمبر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھ کر فائرنگ کردی۔ گولی اسٹیشن ماسٹر کے کمر میں جالگی ۔ فائرنگ کی آواز سن کر اسٹیشن پر موجودسیکیورٹی اہلکار جمع ہوگئے۔ انہیں دیکھ کر بدمعاش موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کیخلاف رپورٹ درج کرکے گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔