بینک آف مہاراشٹر میں 2000 کروڑ کا گھپلہ
پونے۔۔۔۔پولیس کی معاشی کرائم سیل نے بینک آف مہاراشٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او رویندر مراٹھے کو 2000 کروڑ روپے کے قرض گھوٹالہ میں 6 لوگوں سمیت گرفتار کر لیا۔ یہ معاملہ پونے کے رئیل اسٹیٹ ڈیولپر ڈی ایس کے گروپ سے جڑا ہوا ہے۔ خبروں کے مطابق مراٹھے اور بینک کے دیگر افسران کے پاس بلڈر کے دیوالیہ ہونے کی جانکاری تھی، اسکے باوجود عہدہ کا غلط استعمال کر کے ان پر بلڈر کو 2000 کروڑ روپے کا قرض دینے کا الزام ہے۔پولیس نے سبھی گرفتار لوگوں پر دھوکہ دہی، ٹھگی، مجرمانہ سازش اور بھروسہ توڑنے کا معاملہ درج کیا ہے۔ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر مراٹھے کے علاوہ کارگزار ڈائریکٹر راجندر گپتا، زونل منیجر نتیانند دیش پانڈے اور سابق سی ایم ڈی سشیل مہنوت کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مہنوت کو جے پور سے گرفتار کیا گیا۔اس سال فروری میں ہی ڈی ایس کے گروپ کے مالک ڈی ایس کلکرنی اور ان کی بیوی ہیمنتی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر 4000 سرمایہ کاروں کو 1150 کروڑ روپے کے دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ کلکرنی پر یہ بھی الزام ہے کہ انھوں نے سرمایہ کاروں کے 230 کروڑ روپے بھی نہیں لوٹائے ۔ مہاراشٹر حکومت نے گزشتہ مہینے مالکان اور کمپنی کی 120 سے زائد ملکیت اور 275 سے زائد گاڑیوں کو ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔