زلفی بخاری کو نیب نے سوالنامہ دیدیا
راولپنڈی...تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر نیب راولپنڈی آفس میں پیش ہوئے۔ نیب نے سوالات کے جوابات کیلئے ایک ہفتے کا وقت دےدیا۔ نیب کی ٹیم نے زلفی بخاری سے 6آف شور کمپنیوں سے متعلق ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور سوا لنامہ حوالے کیا۔سوالنامے میں زلفی بخاری سے آف شور کمپنیوں کے ذرائع آمدن پوچھے گئے۔ آف شور کمپنیاں کیسے بنائیں۔ فنڈز کہاں سے لائے گئے۔ زلفی بخاری نے جواب دینے کے لئے 2 ہفتے کا وقت مانگا ۔نیب نے ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہاکہ بلیک لسٹ کا کوئی قانون موجود نہیں۔ مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے۔ ایف آئی اے سے پوچھا جائے کہ میرا نام کیوں ڈالا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی 6آف شور کمپنیاں تھیں۔ اس حوالے سے نیب کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہے تاہم مجھ پر کرپشن کا الزام غلط ہے۔نیب کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کیا ہے۔